Thursday, 7 February 2013



BRP 

 

 

’’بن جاؤ ریپبلکن‘‘

آقاؤں کی تفریح اور چہرے کی مسکراہٹ کیلئے غلام اقوام کی تضحیک محض بلوچ قوم کا نصیب نہیں بلکہ دنیا بھر کے مظلوم اقوام کی یہی تاریخ رہی ہے کہ اُن کا تعارف کرنے کو اگر جابروں نے کچھ لکھابھی تو وہ حقارت آمیز وذلت کے سوا کچھ نہ تھا۔ آپ صدیوں غلام رہنے والے افریقی اقوام کے متعلق آج بھی اگر لندن کی لائبریریوں کا رُخ کریں تو دورانِ غلامی اُن پر تحقیق کے نام پر چھپنے والاوہ نصابی کچرا آپ کے ہاتھ باآسانی لگ جائے گا کہ جس کے سبب آپ خود یہ ماننے پر مجبور ہوجائینگے کہ قومی وقار کا ریاست کی وراثت سے ایک گہراربط ہے۔ ہم دیکھتے بھی ہیں کہ 8صدیوں پر محیط غلامی کی بدترین تاریخ میں آئرش قوم کو جس طرح دنیا بھرمیں جاہل وغیر مہذب بتایا جاتا وہ آج خود اپنی ریاست کی وارث بنتے جدید علوم سے آراستہ ہوئے دنیا کی وہ قوم کہلائی جاتی ہے جوکمپیوٹر سوفٹ وئیر کی برآمدات میں دوئم ہو۔ اسی تناظر میں اگر بلوچ قوم کی توہین کرنے میں پاکستانی میڈیا کے کردار کا جائزہ لیاجائے تو آپ محسوس کرسکتے ہیں کہ پاکستانی میڈیا میں ہمارا تمسخرا اڑایا جانا کوئی نئی بات نہیں، مری بلوچوں کو جنگلی کہہ دینے والے جاوید چوہدری کی تضحیک آمیز کالم، اُمت اخبار میں بلوچ مزاحمت کاروں وقومی رہبران کی کردار کشی یا کامران خان کے آئے دن کراچی کے بلوچوں کو غیر مہذب وگینگ وار وغیرہ کہہ دینا تو روز کا معمول ہے۔ ہم دیکھتے ہیں کہ جب جرمن قوم یہودی اخبار کے مدیروں کی جانب سے اپنے رہبران کی تضحیک پر آگ بگولہ ہوئے تو وہ منظم ہونے کیلئے ہٹلر جیسے شیطان کی رہنمائی بھی قبول کرجاتے ہیں جبکہ کراچی کے بلوچوں میں اپنی قومی تحریک کے حوالے سے وہ جوش نظر نہیں آتاکہ جس کی ایک زندہ قوم سے اُمید کی جاسکے حالانکہ اس تحریک کی رہنمائی وہ عظیم رہبرکررہے ہیں کہ جنہوں نے اپنا سب کچھ بلوچ قوم کی خوشحالی کیلئے قربان کیا۔ آج جہاں ایک ٹی وی شو میں بلوچوں کے متعلق چند توہین آمیز کلمات کہہ دینے پر ہمارے بھائی سراپااحتجاج ہیں تو انہیں یہ بھی سوچنا چاہئے کہ اس سے تو بڑی ذلت کا پہاڑ اُس وقت بلوچ قوم پر گِرا جب 1948ء میں اُن کے مادرِ وطن پر پاکستانی فوج نے اپنے ناپاک قدم جمائے، اِسی طرح حالیہ وقتوں کاسانحہ کیا قومی غیرت کا جنازہ نہیں کہ جہاں کراچی شہر میں ریاست نے قومی تحریک کے قائد واجہ براہمداغ بگٹی کی بہن زامور وبھانجی کا بے رحمانہ قتل کیا!کیا 15ہزار بلوچوں کو عقوبت خانوں میں قید کرتے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جانا قومی ذلت نہیں؟کیا مشکے وڈیرہ بگٹی میں فضائی حملوں سے ہماری بلوچ ماؤں کا سینہ چھلنی کردیناہماری قومی غیرت کو جھنجھوڑنے کیلئے کافی نہیں؟ہمارے 600 سے زائد دلدار بھائیوں کی مسخ شدہ لاشیں کیا یہ پیغام دینے کو کافی نہیں کہ ہمیں اس قابض ریاست کے وجود کو مسخ کردینے کیلئے متحدہوکر منظم ہوتے جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے؟ کیونکہ ہمیں جاہل وغیر مہذب کہہ دینے والی یہی طاقتیں ہی ہماری قومی استحصال کا موجد ہیں وگرنہ بحیثیت قوم ہم تو دنیا کے قدیم ترین تہذیب مہرگڑھ کے وارث ہیں جو 7ہزار قبل مسیح میں اپنی نوعیت کا جدید ترین شہر تھا۔ یہ ہماری سرزمین بلوچستان ہی تھی کہ جس نے 200ملین یعنی 20کروڑسالوں پہلے زمین کے اندر پائی جانے والی دھاتی پلیٹوں کی رگڑ کے باعث ہونے والے ارضیاتی تغیرات کے پیشِ نظر دنیا کے تمام جانداروں بشمول انسان کی افزائش کیلئے ایک ارتقائی شاہراہ کا کردار ادا کرتے تمام جانداروں بشمول انسانیت کو کسی بچے کی مانند اپنے بازؤں میں جُھلاتے اُس کی پرورش کی۔ یہ ہماری سرزمین وہمارے اجداد تھے کہ جنہوں نے اسلام کو اِس خطے میں پھیلایا مگر ہم سمجھتے ہیں کہ آج بھی خطے میں موجود لوگوں نے رنگ کے تعصب میں قصہِ بلالیؓ کو فراموش کیا۔ اِن تمام حقائق کے پیش نظر ہم اپنے بھائیوں کو کہنا چاہتے ہیں کہ آپ اپنی قومی تضحیک کا بدلہ یا قومی وقار کا ثبوت محض ظاہری احتجاج سے پورا نہیں کرسکتے بلکہ آپ کو اِس کیلئے منظم ہوتے اُس پاک بلوچ وطن (ریپبلک) کی آزادی کیلئے جدوجہد کرنی چاہئے جو ہر حوالے سے ہمارے قومی وقار کی ضامن بنے۔ اگر آپ سمجھتے ہیں کہ    اِ ن تمام حقائق کی روشنی میں ہم صحیح ہیں تو یہ وقت ہے آپ کے منظم ہونے کا، سیاسی حوالوں سے متحدہوتے،ایک سیاسی پلیٹ فارم سے مشترکہ جدوجہد کرنے کا، یہ وقت ہے’’ ریپبلکن‘‘بن جانے کا۔۔۔۔۔۔

اشاعت کردہ : بلوچ ریپبلکن پارٹی

No comments:

Post a Comment